تاریخ مرتب کرنے میں تہذیب، ادب اور ثقافت کا اہم کردار ہے،ڈاکٹر مبارک علی

February 24, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز تاریخ داں ڈاکٹر مبارک علی نے کہا ہے کہ تاریخ مرتب کرنے میں تہذیب، ادب اور ثقافت کا اہم کردار ہے،یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں سندھ لٹریری فائونڈیشن کے زیراہتمام سہ روزہ سندھ لٹریچر فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر پروفیسر مظہرالحق، امجد اسلام امجد، نورالہدیٰ شاہ، ڈاکٹر فہمیدہ حسین، ڈاکٹر سلیمان شیخ، سیکرٹری اطلاعات سندھ عمران عطا سومرو، کینیڈا سے آئی شاعرہ نسیم سید، آرگنائزر نصیر گوپان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں،ڈاکٹر مبارک علی نے مزید کہا کہ سندھ کی زمین تاریخی اہمیت اور تہذیبی روایات سے مرصع ہے، ادب اور ثقافت اس کی بنیاد ہیں جو احساس اور شعور کو نمایاں رکھتی ہیں،پروفیسر مظہرالحق صدیقی نے کہا کہ سندھ لٹریچر فیسٹول مثبت جانب اقدام ہے، اپنے قیام کے چار سالوں میں جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں زبان اور تہذیب کے امتزاج نے ایک اچھی روایت کو فروغ دیا ہے اس طرح کے پروگرامز سے باہمی محبت میں اضافہ ہوتا ہے، معروف ڈرامہ نگار نورالہدیٰ شاہ نے کہا کہ نصیر گوپانگ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کے ایل ایف کی طرح سندھ لٹریچر فیسٹول کا سلسلہ شروع کیا، محدود وسائل کے باوجود یہ سب پرعزم اور مخلص ہیں، سندھی ادب کو سندھ کے لوگوں تک بھرپور انداز میں پہنچا رہا ہے،تقریب سےآرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔