چیئرمین ہایئر ایجوکیشن سیاسی مداخلت پرپھٹ پڑے

March 13, 2019

چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن کم فنڈنگ اور سیاسی مداخلت پرپھٹ پڑے، میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہایئرایجوکیشن کا بجٹ اعشاریہ دو پانچ فیصد ہے، جو بہت کم ہے، ہایئر ایجوکیشن کا ڈیولپمنٹ بجٹ طے شدہ رقم سے کم دیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو نارمل محکمہ سمجھ رکھا ہے۔ یونیورسٹیوں کے معاملات میں سیاسی مداخلت بڑھ گئی ہے۔ ٹیلی فون کالز پر لوگوں کو یونیورسٹیوں میں رکھوایا جاتا ہے۔ یونیورسٹیوں نے بھی چھپ چھپا کر کئی الاؤنسز بنائے ہوئے ہیں۔ پہلے سےقائم یونیورسٹیوں کیلئےرقوم نہیں پھر بھی نئی یونیورسٹیاں بن جاتی ہیں۔

طارق بنوری نے کہا کہ ملک کی یونیورسٹیاں مالی مشکلات سے گزر رہی ہیں۔ دنیا کی ٹاپ ہنڈرڈ رینکنگ میں پاکستان کی ایک یونیورسٹی بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کم معیار کی ریسرچ ہو رہی ہے۔ نہ کسی یونیورسٹی کا کوئی معیاری میگزین ہے نہ کوئی اکیڈمک پریس ہے۔ طلباء کو خود کہنا چاہئے کہ انہیں معیاری تعلیم چاہئے۔