مسعود اظہر کیخلاف قرارداد منظور نہ ہونے پر بھارت مایوس

March 14, 2019

اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کے خلاف اپنے مطلب کی قرارداد منظور نہ ہونے پر بھارت کو مایوسی ہوئی ہے،اس کا کہنا ہے کہ اب جیش محمد کے رہنما کے خلاف ایکشن میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔

چین نے اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں مسعود اظہر کا نام شامل کرنے کی درخواست روک دی ہے ، سلامتی کونسل میں زیر غور درخواست عالمی سفری پابندیاں اور اثاثے منجمد کرنے سے متعلق تھی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسعود اظہرکے خلاف امریکا، برطانیہ اور فرانس کی طرف سے درخواست دی گئی تھی۔

سفارت کاروں کے مطابق چین نے سلامتی کونسل میں موقف اختیار کیا کہ اسے مسعود اظہر پر پابندیوں کی درخواست کا جائزہ لینے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

چین 2016 اور 2017 میں بھی مسعود اظہر کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی کوشش ناکام بنا چکا ہے۔