ڈائو میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز میں چوتھے پرووائس چانسلر کا تقرر

March 15, 2019

کراچی(سید محمد عسکری) ڈائو میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز میں چوتھے پرو وائس چانسلر کا تقرر کردیا گیا، سندھ یونیورسٹی میں تین پرو وائس چانسلرز ہیں جبکہ صوبے کی سب سے بڑی کراچی یونیورسٹی میں کوئی پی وی سی نہیں ہے، تفصیلات کے مطابق 21 گریڈ کے پروفیسر اور ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر کرتار دیوانی کو ریٹائرمنٹ سے محض چند ہفتے قبل ایڈوانس میں پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا ،ان کی بطور پی وی سی چار سالہ مدت کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا جبکہ وہ ریٹائر رواں سال 9 اپریل کو ہوں گے، بتایا جاتا ہے کہ انھیں اس لیے پہلے پی وی سی بنایا گیا کہ جامعات کے ترمیمی ایکٹ میں ریٹائرمنٹ کے بعد پی وی سی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سنیارٹی فہرست میں ڈاکٹر کرتار دیوانی کا نمبر 20واں ہے جبکہ ڈائو یونیورسٹی میں دو 22 گریڈ کے ممتاز پروفیسرز بھی موجود ہیں مگر انھیں نظر انداز کرکے 21 گریڈ کے ڈاکٹر کرتار دیوانی کو پرووائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے،ساتھ ہی انھیں سندھ حکومت نے پی ایم ڈی سی کا رکن بھی مقرر کردیا ہے۔ ڈائو میں اس وقت ڈاکٹر محمد مسرور، ڈاکٹر خاور جمالی اور ڈاکٹر زرناز واحد پرووائس چانسلرز کے عہدے پر پہلے ہی کام کررہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر ڈ اکٹر زرناز واحدریٹائر ہونے کے باوجود ڈائو انٹر نیشنل میڈیکل کالج کےپرنسپل کے عہدے پر بھی کام کررہی ہیں ۔