لندن : مسجد کے باہر ہتھوڑے سے حملہ، نمازی زخمی

March 16, 2019

نیوزی لینڈ میں 2 مساجد میں حملے کے چند گھنٹوں بعد مشرقی لندن کی مسجد کے باہر ایک نمازی کو ہتھوڑے مارکر زخمی کردیا گیا۔

ایک چشم دید گواہ کا کہنا ہے کہ کینن اسٹریٹ روڈ پر واقع مسجد کے قریب 3 افراد پر مشتمل گروپ نے اسلام کے خلاف نازیبا کلمات کہے۔

چشم دید گواہ نے بتایا کہ تینوں افراد نے جمعہ کی نماز کے لیے آنے والوںکو ’’دہشت گرد‘‘ کہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ہتھوڑے کے وار سے ایک 27 سالہ شخص کو زخمی کردیا، اس کے سر پر زخم آئے ہیں۔حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہوگئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق واقعے میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا ، جس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔

واقعے کی تحقیقات جاری ہیںتاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میںنہیں آسکی ہے۔