حافظ نعیم کی صدر مملکت سے ملاقات

March 16, 2019

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے صدر مملکت سے بات کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں صدر مملکت نے بتایا ہے کہ حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ صدر مملکت سے نیوزی لینڈ میں رونما ہونے والے واقعے پر بھی بات ہوئی، ایسا کوئی مسلمان کرتا تو دنیا بھر میں اس کے خلاف شورمچ جاتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر مملکت سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات ہوئی ہے ، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو مشورہ دیا ہے کہ کے فور، گرین لائن اور دیگر منصوبوں کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔