حساس ادارے نے زرداری فیملی کے پلاٹوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا

March 20, 2019

کراچی (اسد ابن حسن) حساس ادارے نے زرداری فیملی کے پلاٹوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا، تینوں بچوں کی ملکیت 2ہزار مربع گز سے زائد تین پلاٹ ہیں، بچوں کی لیگل گارجین فریال تالپور ہیں۔ حساس ادارے نے کے ڈی اے کے لینڈ ڈپارٹمنٹ سے کلفٹن میں واقع پلاٹوں کا ریکارڈ قبضے میں لیا تھا جس میں ادارے کی خاص توجہ آصف زرداری اور ان کی فیملی کی ملکیت پلاٹوں پر مرکوز رہی اور ریکارڈ کے مطابق کلفٹن میں بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کے تین پلاٹ دو ہزار مربع گز سے زائد اراضی پر محیط ہیں اور ساتھ ہی ایک اضافی قطعہ اراضی بھی ان میں شامل ہے، اس تمام اراضی کے مالک تو مندرجہ ذیل افراد ہیں مگر ان پلاٹوں کی گارجین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق 14نومبر 2012ء کو بنگلہ نمبر D-27/1 بلاک 3، کلفٹن کی رہائشی خاتون دانش زبیری کی دختر فصیح الدین زبیری نے اپنی ملکیت مذکورہ پلاٹ کو آصفہ بھٹو زرداری دختر آصف علی زرداری کو فروخت کیا۔ یہ پلاٹ 513.16مربع گز کا تھا جسکی لیگل گارجین فریال تالپور زوجہ منور علی تالپور قرار دی گئیں، دونوں خواتین کا پتہ بلاول ہاؤس درج ہے۔ 14نومبر کو ہی مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ 513.61مربع گز پر واقع پلاٹ نمبر D-27جس کی مالکن سکینہ عرف نینا لوشیا زوجہ مظفر ال حاتم لوشیا جوکہ اس قطعہ اراضی پر رہائش پذیر تھے، وہ بھی آصفہ بھٹو زرداری کو فروخت کردیا گیا، اس ٹرانسفر ڈیڈ پر فریال تالپور کی تصویر بھی چسپاں ہے کیونکہ اس پلاٹ کی لیگل گارجین بھی وہی ہیں۔ ان دونوں پلاٹوں کے نزدیک ایک پلاٹ نمبر D-33جس کا رقبہ 1027.22مربع گز ہے اور جس کے مالک حاجی جمیل الدین ولد حاجی سلیم الدین جوکہ مکان نمبر C-3،سیکٹر 14-A، سخی حسن، نارتھ کراچی تھے، وہ 10جون 2010ء کو بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو فروخت اور ان کے نام ٹرانسفر ہوا۔ اس ڈیل کی بھی لیگل گارجین فریال تالپور تھیں اور ٹرانسفر لیٹر پر بھی ان کی تصویر چسپاں ہے۔