راچڈیل انوائرنمنٹل ایکشن گروپ اجلاس عام،پیش کی گئی رپورٹس منظور

March 22, 2019

لندن( نیوز ڈیسک ) راچڈیل انوائرنمنٹل ایکشن گروپ ( آر ای اے جی) کا ساتواں سالانہ اجلاس ایکسل میر کمیونٹی سینٹر، راچڈیل پرہوا۔ارکان اور کونسل افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ چیئر پرسن کرسٹین میتھیوسن ، سیکریٹری اور قائم مقام ٹریژر غلام رسول شہزاد او بی ای نے اپنی رپورٹس جمع کرائیں جو کہ ارکان کی جانب سے منظور کر لی گئیں۔واضح رہے کہ راچڈیل انوائرنمنٹل ایکشن گروپ کا قیام سات سال قبل عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد اپنے ٹائون ماحولیات کو بہتر بنانا جبکہ راچڈیل کونسل کی ماحولیاتی سروسز ، کونسلروں ، مساجد ، چرچز ، بزنسز ،مکینوں ، کنال اینڈ ریور ٹرسٹ، فیتھ4چینج ،گریٹر مانچسٹر ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی، فالنج پارک اور دیگر اداروں کے ہمراہ مل کر کام کرنا تھا۔ اس موقع پر آر ای اے جی ارکان کی جانب سے تمام اداروں اور شخصیات کا شکریہ ادا کیا گیا جن کے تعاون اور سپورٹ کے بغیر کامیابی ممکن نہیں تھی ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2013میں لیورپول میں منعقدہ قومی مقابلے میں گروپ کو فیتھ اینڈ کمیونٹی ایوارڈ دیا گیا تھا ، رنر اپ سرٹیفکیٹ ’’ کیپ برٹین ٹڈی‘‘ کی جانب سے دیا گیا جبکہ 2015میں کوئنز والنٹری سروسز ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔ راچڈیل ان بلوم کی جانب سے 2019میں گروپ کو کمیونٹی کمپنینز عطا کیا گیا ہے۔