میر خدا بخش مری کی زیر قیادت یوم پاکستان ریلی، پاک افواج سے اظہار یکجہتی

March 24, 2019

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) پاکستان بلوچ یونیٹی کے سربراہ میر خدا بخش مری کی قیادت میں یوم پاکستان کے موقع پر عظیم الشان ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں موٹر سائیکلوں، کاروں اور جیپوں پر سوار ہزاروں نوجوانوں نے پاکستان کے قومی پرچم ، پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعرے درج تھے ۔ کوئٹہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں بلوچ اور پختون نوجوانوں نے بلوچ پختون اتحاد کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاک افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اظہار کرتے ہوئے پاکستان دشمن ایجنسیوں خاص طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔ اورسیزپاکستان یونیٹی کے بانی ڈاکٹر جمعہ خان مری نے ریلی کے شرکاء سے ویڈیو لنک پر خطاب میں بلوچستان میں سرگرم پاکستان دشمن ایجنسیوں کے منفی پروپیگنڈا کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے بلوچستان میں کرائے کے لوگوں کو بھرتی کرکے نام نہاد بلوچ قوم پرستی کی ٓاڑ میں اپنا مکروہ کھیل شروع کر رکھا ہے جوکہ اب پوری طرح ناکام ہوچکا ہے اور بلوچوں کو ورغلا کر بھارتی ایجنڈے کے لیے کام کرنے والے گروہ بھی پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں انہوں نے بلوچ عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا استحصال کرنے والے نام نہاد بلوچ قوم پرستوں کے ایجنڈے کو مسترد کرکے پاکستان کے قومی مرکزی دھارے میں شامل ہوکر اپنے ملک کو مضبوط بنانے کیلئے یادگار کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کے جاری عمل میں شریک ہوں۔