مسلمان ہماری تہذیب و ثقافت کا آئینہ ہیں، میئر وٹفورڈ پیٹر ٹیلر

March 25, 2019

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملوںمیںشہید ہونے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وٹفورڈ میں ملٹی فیتھ گروپ کے زیراہتمام پروگرام کا انعقاد ہوا۔ اس پروگرام میں وٹفورڈ کے میئر پیٹر ٹیلر، ڈپٹی سیوک میئر رگبی مارٹن، جیف بیٹمین، چیراف وٹفورڈ، ہرجیت سنگھ، چیف انسپکٹر میٹ فلپس، اشوانی میتھا جین، ضیاء رحمن سنی مسلم، زاہد رحمن، سری موہا، ولمر گمن، جیفری، امجد امین بوبی، جاجی منیر، نجیب اللہ، چوہدری مشتاق، چوہدری محمد عظیم، شفقت اقبال تبسم، شہزاد احمد اور کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پیٹر ٹیلر نے نیوزی لینڈ مسجد میں شہید ہونے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ہماری تہذیب و ثقافت کا آئینہ ہیں۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ اخلاق ہے اسلام میں رنگ و نسل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلامو فوبیا پھیلانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ اسلام دوسروں کے حقوق اور جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ کونسلر ایند سیوک میئر رگبی مارٹن نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ وٹفورڈ میں کمیونٹی کے اندر اتحاد اتفاق پایا جاتا ہے۔ کمیونٹیز کے درمیان اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ وٹفورڈ ٹائون ایک پرامن ٹائون ہے۔ حاجی منیر نے کہاکہ اسلامو فوبیا کا ذمہ دار برطانوی میڈیا ہے وہ اپنا رویہ اور اپنی سوچ تبدیل کرے۔ برطانوی ٹی وی پر اور مساجد کے اندر ملٹی فیتھ پروگرا ہونے چاہئیں تاکہ برطانوی معاشرے کے اندر اسلامو فوبیا کا خاتمہ ہوسکے۔ امجد امین بوبی نے کہا کہ نیوزی لینڈ گورنمنٹ نے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جو اعلیٰ مثال قائم کی وہ انتہائی قابل تعریف ہے۔ برطانوی حکومت بھی یہی طریقہ اختیار کرے تاکہ یہاں بھی سفید فام دہشت گرد ی کا خاتمہ ہواور مساجد پر حملے بند ہوں۔ چوہدری محمد اعظم، شفقت اقبال تبسم اور دیگر نے کہاکہ اتحاد اتفاق اور ہمارے درمیان ایک دوسرے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسلامو فوبیا کے پیچھے کچھ قوتیں ہمارے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے سازش کررہی ہیں۔وقت کا تقاضہ ہے کہ حکومت مساجد کو سیکورٹی دے۔