پنجاب میں بلاول کے خلاف قرارداد آئی تو سندھ اور قومی اسمبلی میں جواب دینگے، خورشید شاہ

March 25, 2019

سکھر / کراچی (بیورو رپورٹ/ صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب اور بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف قرارداد آئی تو سندھ اسمبلی اور قومی اسمبلی میں اسکا جواب دیں گے اور سب کو پتہ ہے کہ کیا بل آئیں گے، مجھے کچھ بتانے کی ضرورت نہیں، وہ بل حقیقی اور تاریخی ہوں گے جبکہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نےکہا ہے کہ شیخ رشید کی چابی والے کھلونے سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں، اپنی زبان پر قابو رکھیں۔تفصیلات کے مطابق سکھر میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے دنیا بھر سے قرضے لیکر ملک کی عزت داؤ پر لگادی ہے، ملک قرضوں میں پھنس گیا ہے، معاشی حالت انتہائی خطرناک ہے، ٹیکس روینیو نیچے جارہا ہے، ہم ادھار مانگ رہے ہیں، کسی سے دو، کسی سے تین، کسی سے ایک سو ارب لے رہے ہیں۔ ہم نے حکومت کو وقت دیا مگر کوئی بہتری نہیں آئی، پارلیمنٹ کوخود مختارہونا چاہیے، جس ملک میں پارلیمنٹ مضبوط نہیں، وہ ملک گمبھیر مسائل میں پھنس سکتا ہے۔