تیل کی تلاش،کریڈٹ پی پی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کو،علی زیدی

March 26, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اگر کرپشن کیخلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے، کراچی کے سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کا کریڈٹ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی تینوں کو جاتا ہے، وزیراعظم نے ابھی تیل و گیس کے ذخائر کی خوشخبری نہیں دی قوم سے دعا کرنے کیلئے کہا ہے، شریف فیملی بتادے کس اسپتال میں نواز شریف کا علاج کروانا چاہتی ہے، مریم نواز نے شور ڈالا ہوا ہے مگر ایک ٹوئٹ پاک بھارت کشیدگی پر نہیں کی۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور ن لیگ کے رہنما مصدق ملک بھی شریک تھے۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت کا مشرف کو واپس لانے کا ارادہ ہی نہیں ہےبلاول نے وزیراعظم، وزیر اطلاعات اور وزیر ریلوے کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے، بلاول بھٹو کا ٹرین مارچ لاڑکانہ تک ہے چار اپریل کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے،حکومت کا مشرف کو واپس لانے کا ارادہ ہی نہیں ہے،۔مصدق ملک نے کہا کہ چار مہینے دھرنا دینا پی ٹی آئی کا حق ہے تو پیپلز پارٹی کا ٹرین مارچ ان کا حق کیوں نہیں ہے،عمران خان کی 70فیصد کابینہ پرویز مشرف کے ساتھیوں پر مشتمل ہے، پرویز مشرف بھی اسی طرح نیب کو استعمال کرتے تھے،کراچی کے سمندر میں جس پالیسی کے تحت ایکسپلوریشن ہوئی اس کی تجویز پیپلز پارٹی کے دور میں آئی جبکہ منظوری ہمارے دور میں ہوئی موجودہ سیاسی صورتحال پر ن لیگ کو بہت زیادہ تشویش ہے ۔وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ بلاول اگر کرپشن کیخلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے، پی پی قیادت کیخلاف مقدمات ہم نے نہیں بنائے،بلاول ہمارے خلاف ٹرین مارچ کیوں کررہے ہیں،پی ٹی آئی حکومت کیسز بنانے میں ناکام رہی ہے حالانکہ ہمارا یہ وعدہ تھا، بلاول نے پاکستان مخالف بیان دیا جس سے انڈین میڈیا کے فرنٹ پیج پر آگئے۔