آسٹریلیا کا پاکستان کو 267 رنز کا ہدف

March 27, 2019

تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 267 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پہلے اور دوسرے ون ڈے کی نسبت پاکستانی بولرز نے اچھی گیندیں کرائیں اور عثمان شنواری نے صفر پر اوپنر عثمان خواجہ کو پویلین بھیج دیا۔

ابھی اسکور صرف 20 ہوا تھا کہ شان مارش کو جنید خان نے شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا، وہ 14رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فنچ اور ہینڈزکومب نے اننگز کو سنبھالا۔

دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں شاندار 84 رنز کا اضافہ کیا، لیکن ہینڈزکومب 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں حارث سہیل نے کلین بولڈ کیا۔

اسٹوئنیس جلد وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 10 رنز پر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

دونوں میچوں میں سنچری بنانے والے فنچ اس میچ میں صرف 10 رنز کی کمی سے مسلسل تیسری سنچری نہ بناسکے اور 90 رنز پر یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

میکسویل برق رفتار 71 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔

کیرے 25 اور کمنس 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

عثمان شنواری، جنید خان، یاسرشاہ، عماد وسیم اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد حسنین سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دیئے۔

آسٹریلیا کا بیٹنگ کا فیصلہ

اس سے پہلے آسٹریلوی کپتان فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آج کے میچ میں دونوں ٹیموں نے دو، دو تبدیلیاں کی ہیں۔

قومی ٹیم میں محمد عباس اور فہیم اشرف کی جگہ جنید خان اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

مہمان ٹیم نے زخمی جے رچرڈسن اور کولٹر نائل کی جگہ پیٹ کمنس اور جیسن بینڈروف کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

قومی ٹیم شان مسعود، امام الحق، حارث سہیل، عمر اکمل، کپتان شعیب ملک، عماد وسیم، محمد رضوان، یاسر شاہ، عثمان خان شنواری، جنید خان اور محمد حسنین پر مشتمل ہے۔