سری لنکا کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کیلئے مثبت اشارہ

April 11, 2019

ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھلنے کو ہیں ۔ سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے مثبت اشارے دیئے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا ٹیم رواں برس ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ حکام کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں اور سری لنکن کرکٹ ٹیم رواں برس اکتوبر میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر راضی ہے، میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔

سیریز کے پاکستان میں ہونے کے حوالے سے باضابطہ اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کردیا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس برس ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے جو کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔ پی سی بی کے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔