سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے زیر اہتمام محفل میلادالنبی ﷺ کا انعقاد

April 16, 2019

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) معروف عالم دین علامہ مفتی سہیل رضا امجدی نے کہاہے کہ کلمہ طیبہ ایسے درخت کی مثال ہے جس کی شاخیں آسمان تک اورجڑیں زمین کی گہرائی میں ہیں ‘ اسلام ایسا دین ہے جس نے اپنے ماننے والوں کو صحت مند غذائیں کھانے کی تلقین کی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد کی جانب سے سوک سینٹرمیں منعقد ہ محفل میلادالنبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آشکارداور ,حاجی عبدالرؤف ,ایس بی سی اے (سی بی اے) چیئرمین حسین بخش کاکا‘ لعل بخش کلہوڑو ودیگر بھی موجود تھے۔محفل میلادمیں معروف نعت خوانوں ذوالفقار علی حسینی‘ عامر فیاضی‘ محمود الحسن اشرفی‘ قاری محسن‘ زوہیب اشرفی‘ عمران سہروردی‘ اختر حسین ‘شاہدمسعودودیگر نے نعت مقبول کے نذرانے پیش کئے ۔محفل میلاد میں ایس بی سی اے کے افسران وملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علامہ مفتی سہیل رضا امجدی نے مزید کہا کہ کلمہ طیبہ مسلمان کو راہ حق کانعرہ لگانا اور اس پر عمل کرنا سکھاتاہے ۔کلمہ طیبہ پاکیزہ درخت کی مانند ہے اگراس پاکیزہ درخت کی شاخوں کو دیکھاجائے تو وہ آسمان کوچھورہی ہوتی ہیں اوراس کی جڑیں زمین کی گہرائی میں ہوتی ہیں‘کلمہ طیبہ پڑھنے والے کی نس نس میں کلمہ طیبہ رواں دواں ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ درخت مخصوص موسم میں پھل دیتے ہیں لیکن کلمہ طیبہ ایسا شجر ہے جو ہر موسم میں پھل دیتاہے ۔یہ ایسا شجر ہے جو کبھی بانجھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عبادت کارزق حلال سے گہرا تعلق ہے جس کے پیٹ میں حرام ہوگا اس کی 40دن تک دعائیں قبول نہیں ہوتی ۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ جو زندگی گذرگئی سو گذرگئی آئندہ زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے گذاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہم عہد کریں کہ آئندہ میلاد شریف دل سے منائیں گے اوراس کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ گناہ کا احساس بھی نہیں کرتے جب احساس نہ ہوتو وہ ضمیر کو خاموشی سے ماردتیاہے ۔