جسٹس ثاقب نثار پر اعتماد ہے، میرا ڈیم فنڈ پر کوئی کنٹرول نہیں،فیصل واوڈا

April 17, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ کے حوالے سے جسٹس ثاقب نثار پر مکمل اعتماد ہے، بطور وزیر میرا ڈیم فنڈ پر کوئی کنٹرول نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کا اختیار ہے کہ کسی وزیر کو ہٹائیں یا نہ ہٹائیں، نواز شریف سے حمزہ شہباز تک پورا شریف خاندان ٹی ٹی ہے،مسلم لیگ ن کا نام پی ایم ایل این ٹی ٹی ہونا چاہئے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف اور سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک بھی شریک تھے جبکہ سندھ میں امتحانات میں نقل کے حوالے سے وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ سے بھی بات کی گئی۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ وزیرخزانہ اسد عمر ہی نہیں وزیراعظم سمیت پوری حکومت کی کارکردگی خراب ہے،سندھ میں امتحانات کے دوران نقل مکمل طور پر انتظامی ناکامی ہے، صدارتی نظام یا اٹھارہویں ترمیم کیخلاف باتیں کس کو خوش کرنے کیلئے کی جارہی ہیں۔وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں، میں خود نقل کی روک تھام کیلئے نکلا لیکن ایک ہزار امتحانی مراکز کا دورہ کرنا ممکن نہیں تھا، اس دفعہ کھلے گراؤنڈ میں امتحانات کرنے کی پالیسی بنائی تھی، چیئرمین بورڈ نے بتایا ہے کہ ساڑھے نو بجے پرچہ شروع ہوا تو اسی وقت پرچہ آؤٹ ہوا ہے، پہلے ایک دن قبل امتحانی پرچہ آؤٹ ہوجاتا تھا۔محمد مالک نے کہا کہ تبدیل ہونے والے وزراء میں اسد عمر کا نام بھی شامل ہے جبکہ نئے وزیرداخلہ اعجاز شاہ آرہے ہیں، کابینہ اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر تنقید ہوئی ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کرپشن کے الزامات کا جواب دیں ۔نمائندہ جیو نیوز رانا جاوید نے کہا کہ سندھ کے کسی تعلیمی بورڈ میں گزشتہ چار سال سے مستقل ناظم امتحانات اور سیکرٹریز نہیں ہیں، امتحانات کے دوران نقل کے علاوہ امتحانات کے بعد نتائج تبدیل کر کے بچوں کا مستقبل خراب کیا جارہا ہے۔