حیات آباد میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، واقعہ کی ایف آئی آر میں اہم انکشافات

April 19, 2019

پشاور( نمائندہ جنگ)پشاور کے علاقہ حیات آباد میں دہشت گردوں اور فورسز کے مابین جھڑپ کی’ ایف آئی آر‘ کی کاپی میڈیا کو موصول ہوگئی ہے جبکہ آپریشن کے بعد مکان سے تلاشی کے دوران ڈرون کیمرہ، بارودی مواد، خودکش جیکٹ، موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحویل میں لے لیا ہے،واقعہ کی ایف آئی آرمیں اہم انکشافات ہوئے ہیں، گھر میں چھاپے کے وقت دہشت گردو ں نے گرفتاری کی بجائے فائرنگ کی اورہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا،فائرنگ رات بھرجاری رہی،ایف آئی آر سٹیشن ہاؤس آفیسر تاتارا شاہجہان خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 15اپریل کی شب محکمہ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی فورسز کو اطلاع موصول ہوئی کہ حیات آباد فیز 7 میں واقع ایک مکان میں چند دہشت گرد دیگر ملک دشمن عناصر کی ایماء پر پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کا وقوعہ سرزد کرنے کی خاطر موجود ہیں۔