پولیس ڈاکوئوں اورچوروں کا قلع قمع کرنے میں ناکام ہوگئی،میئر کراچی

April 24, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نےکہا ہے کہ کراچی کی پولیس شہر میں امن و امان بحال رکھنے اور ڈاکوئوں اور چوروں کا قلع قمع کرنے میں ناکام ہوگئی ہے لہٰذا شہری ازخود احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ انسانی زندگی کا کوئی بدل نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مقامی اسپتال میں داخل ایم کیو ایم پاکستان کے سوشل میڈیا کے کارکن 25سالہ مبین مجید کی عیادت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا، مبین مجید کو موبائل چھیننے پر مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوئوں نے چار گولیاں ماری تھیں جس میں سے تین گولیاں ان کے جسم کے مختلف حصوں میں پیوست ہوئیں اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مقامی اسپتال میں داخل ہے۔