’وزیر اعظم کا بیان کسی اور پیرائے میں استعمال کرنا درست نہیں‘

April 24, 2019

ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان کسی اور پیرائے میں استعمال کرنا درست نہیں ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستانی سرزمین استعمال کیے جانے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر باتیں کی جارہی ہیں جبکہ وزیر اعظم کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کرلیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرونی قوتوں کے زیر اثر غیر ریاستی عناصر کی جانب سے پاکستانی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے یا یہاں سے بیرون ملک استعمال کرنے کی بات کی، یہ بات بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے تناظر میں کی گئی تھی۔

وزیراعظم نے دورہ ایران میں بلوچستان میں پیش آئے حالیہ واقعے کی واضح طور پر نشاندہی کی، سانحہ اورماڑہ کے باعث وزیراعظم عمران خان خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششیں کررہے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بیان کسی اور پیرائے میں استعمال کرنا درست نہیں اور اس سے پاکستان کی کسی طرح بھی خدمت نہیں ہوسکتی۔