وزیراعظم کا بلاول کو صاحبہ کہہ کر پکارنا افسوسناک بات ،تجزیہ کار

April 25, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا بلاول کو صاحبہ کہہ کر پکارنا افسوسناک بات ہے، عمران خان وزیراعظم پاکستان ہیں کوئی ان پر ذاتی حملے کرتا ہے تو انہیں نظرانداز کردینا چاہئے، بلاول بھٹو کا بھی وزیراعظم اور دیگر لوگوں کو جاہل، گھوسٹ ملازم اور بھگوڑا کہنا زیب نہیں دیتا،عثمان بزدار کو صرف عمران خان ہٹاسکتے ہیں ، عثمان بزدار ابھی جائیں یا کچھ عرصہ بعد جائیں ان کا جانا ٹھہر گیا ہے، عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ کو حقیقی خطرہ لاحق ہے تو پرویز الٰہی کی حمایت سے ٹل نہیں سکتا ،پنجاب میں یہ حال ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت عثمان بزدار سے کوئی کام کروانے کیلئے ق لیگ والوں کو کہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سلیم صافی، حسن نثار، محمل سرفراز، ارشاد بھٹی ، شہزاد اقبال اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال وزیراعظم نے قبائلی عمائدین سے خطاب میں بلاول کو صاحبہ کہہ کر پکارا، وزیراعظم کے اس غیراخلاقی بیان کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشا دبھٹی نے کہا کہ وزیراعظم کا بلاول کو صاحبہ کہنا عورتوں کو کمتر ثابت کرنا نہیں بلکہ بلاول کی عزت افزائی کیلئے ہوگا، عمران خان کی طرف سے بلاول کو صاحبہ کہنے کا بیان شرمناک ہے، عمران خان وزیراعظم پاکستان ہیں اگر کوئی ان پر ذاتی حملے کرتا ہے تو انہیں نظرانداز کردینا چاہئے، بلاول کا بھی وزیراعظم اور دیگر لوگوں کو جاہل، گھوسٹ ملازم اور بھگوڑا کہنا زیب نہیں دیتا ہے، سعید غنی کا تازہ بیان آیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان ہڑپہ سے ملنے والی ممی ہیں، بینظیر بھٹو ان کی قائد ہیں اور ان کا یہ حال ہے۔