علی ظفر کا میشا شفیع کے نام نیا ٹوئٹ

May 04, 2019

گلوکار علی ظفر نے اپنے تازہ ترین سوشل میڈیا بیان میں گلوکارہ میشا شفیع کو ایک بار پھر عدالت کا سامنا کرنے اور ہتک عزت کے عوض جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر نے میشا شفیع کے حال ہی میں اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کرنے کے عمل کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کے حیلے بہانے نہیں چلیں گے، فرار اختیار کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔


میشا شفیع نے چند دن قبل ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ وہ عارضی طور ٹوئٹر سے بریک لے رہی ہیں کیونکہ نامور ویب شو ’گیم آف تھرونز‘ کی اگلی اقساط سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پیشگی تبصروں کی وجہ سے شو کا مزا کرکرا نہیں کرنا چاہتی۔

میشا نے مزید کہا تھا کہ ان کے بریک لینے کی وجہ یہ ہرگز نہیں کہ میں سوشل میڈیا پر اپنے خلاف چلنے والی مہم کا مقابلہ نہیں کرسکتی، اس کا مقابلہ میں نے گزشتہ برس بھی کیا، ایسا ہرجان لیوا امتحان آپ کو مزید مضبوط بناتا ہے۔