پاکستان کیخلاف انگلینڈ کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

May 14, 2019

انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ برسٹل میں کھیلا جا رہا ہے۔

سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسرے میچ میں انگلش بالر لیام پلنکٹ کی بال ٹیمپرنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس پر آئی سی سی نے بھی وضاحت جاری کی۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس کے باعث سیریز کے باقی میچز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ ان کی ورلڈ کپ 2019ء میں شمولیت کے امکانات بھی تقریباً ختم ہوگئے ہیں،دوسرے میچ میں ان کی جگہ دوسرے میچ میں یاسر شاہ کو موقع دیا گیا تھا۔

بیماری کی تصدیق ہونے کے بعد سے محمد عامر اپنے اہل خانہ کے ساتھ لندن میں رہائش پذیر ہیں،انہیں ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جنید خان کو یاسر شاہ کی جگہ میچ میں کھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر محمد حسنین کو اب تک سیریز میں موقع نہیں دیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ اگر ہم بھی ٹاس جیتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے،ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ کے معاملے پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاداب خان انشاء اللہ ورلڈ کپ ٹیم میں واپس آئیں گے،عامر کے بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتے،پہلے انہیں چکن پاکس سے نجات پانی چاہیے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیسن رائے، جونی بریسٹو، جو روٹ،بین اسٹوکس، معین علی، کپتان ایون مارگن، جوڈینلی، کرس واکس، ڈیوڈ ویلی، ٹوم کرن اور لیام پلنکٹ میدان میں اتر رہے ہیں۔

پاکستان کی فائنل الیون میں فخر زمان،امام الحق،بابر اعظم، حارث سہیل،کپتان سرفراز احمد، آصف علی، عماد وسیم،فہیم اشرف، حسن علی، جنید خان اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔