پاکستان دنیا کے خوبصورت ممالک میں سے ایک ہے، ڈاکٹر محمد کامران

May 20, 2019

لاہیڈن (نمائندہ جنگ) پاکستان نژاد ڈچ سولر انرجی کے سائنسدان ڈاکٹر محمد کامران نے ہالینڈ کے تاریخی شہر لاہیڈن میں ہونے والے تیرہویں سالانہ کلچرل فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ فیسٹیول میں بیس ممالک کے لوگوں نے فنون لطیفہ، لباس اور کھانوں کے ذریے اپنے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کیا۔ پاکستان کے اسٹال پر پاکستان کے تاریخی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے علاوہ مزیدار پاکستانی کھانوں سے لوگ لطف اندوز ہوتے رہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد کامران کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے خوب صورت ترین ممالک میں سے ایک ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اب تک اپنی خوبصورت ثقافت اور قدرتی حسن سے مالامال ملک کو موثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش نہیں کرسکے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے قومی دنوں میں سو دو سو دیسی لوگ اکھٹے ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر سمجھتے ہیں کہ ہم نے وطن سے محبت کا حق ادا کر دیا ہے۔ لیکن اپنے جذبات کی تسکین کی حد تک تو یہ ٹھیک ہے مگر اس سے ملک کی کوئی خدمت نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں خوش گمانی کی اس ذہنیت سے نکل کر اپنے ملک کے تاثر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیسٹیول میں کثیر الثقافتی تقاریب میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے قابل فخر ہے۔ پاکستان کے اسٹال پر دستکاری فن پاروں کے علاوہ پاکستان کے بارے میں معلوماتی کتب اور تصاویر بھی رکھی گئی تھیں انھوں نے مزید کہا کہ برسلز میں سفارت خانہ پاکستان نے جس طرح ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر قائم کیا ہے وہ ہالینڈ سمیت دیگر ممالک میں قائم سفارت خانوں کیلئے مشعل راہ ہے زیادہ تر سفارتخانے پاکستانیوں کی طرف سے صرف پاکستانی لوگوں کے لئے منعقد کی جانے والی تقاریب کی سرپرستی کرتے ہیں جن سے مغربی ممالک میں پاکستان کے تاثر کو بہتر بنانے میں کوئی مدد نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانوں کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے جس میں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے لوگ بھی شریک ہوں۔