سرفراز سمیت 10کرکٹ ٹیموں کے کپتان ملکہ برطانیہ سے ملیں گے

May 23, 2019

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت ورلڈ کپ میں شریک دس ٹیموں کے کپتان بکنگھم پیلس میں ملکہ بر طانیہ سے ملیں گے۔ 29 مئی کواس تقریب میں کپتانوں کو خصوصی فوٹو سیشن ہوگا۔اس سے قبل جمعرات کو تمام کپتان لندن میں پریس کانفرنس کریں گے۔آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے دوران تمام ٹیموں کے لئے سیکیورٹی سخت کردی ہے۔ہر ٹیم کے ساتھ آئی سی سی کا سیکیورٹی آفیسر پہلی بار تعینات ہوگا۔ جبکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر کو بھی ٹیموں کے ساتھ لگایا ہے۔ یہ آفیسر ہر ٹیم کے ساتھ سفر کرے گا ۔ہوٹل اور گرائونڈ کے علاوہ ٹیم بس میں بھی ساتھ ہوگا۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ٹیم کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انگلینڈ اور ویلز میں 30 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے مقابلے دنیا کے دو سو ملکوں میں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیے جانے کے علاوہ اس بار پہلی مرتبہ بھارت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں سینما گھروں میں بھی دکھائیں جائیں گے۔ آئی سی سی کے نشریاتی حقوق رکھنے والے عالمی نشریاتی ادارے نے مختلف ملکوں کے 25 نشریاتی اداروں کو عالمی کپ نشر کرنے کے حقوق دئیے ہیں۔ عالمی کپ کے میچوں کی کمنٹری کے لیے دنیا کے پچاس بہترین کرکٹ مبصروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو مختلف زبانوں میں کمنٹری اور ماہرانہ تبصرے پیش کریں گے۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں 30 کروڑ افراد یہ میچ ٹی وی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی میچ دیکھ پائیں گے۔