’فوجی چوکی پر حملہ کیسے ہوا، ویڈیوز موجود ہیں‘

May 27, 2019

وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ویڈیوز موجود ہیں کہ کل شمالی وزیر میں فوجی چوکی پر حملہ کیسے کیا گیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ پارلیمنٹ کے رکن نے لوگوں کو اشتعال دلایا، دھرنا ختم ہونے جارہا تھا، مظاہرین کو فون کیا گیا کہ دھرنا ختم نہیں کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی نے فون کرکے چوکی پر حملہ کرنے کا کہا،محسن داوڑ ماضی میں ڈرون حملوں کی حمایت کرتا رہا۔

مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے واک آوٹ کیا اور ن لیگ نے موقف اختیار کیا کہ وزیر مملکت سوالات کا جواب دینے کے بجائے کچھ اور باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا دو تین دن سے جاری تھا اور پرامن تھا اور ختم ہونے جارہا تھاکہ مظاہرین کو فون آیا کہ دھرنا ختم نہیں کرنا، نقیب اللہ محسود، جب کراچی میں شہید ہوا تو اس کے بعد پی ٹی ایم بنی، پی ٹی ایم راؤ انوار کے خلاف بنی، وہ کس کا بہادر بچہ تھا، وہ لوگ یہاں چپ بیٹھے ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہاکہ بلاول بھٹو زرداری ،تمہارا بہادر بچہ رائو انوار کدھر ہے؟ جب ہم ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرتے تھے تو محسن داوڑ ڈرون حملوں کی حمایت میں بیان دیتا تھا۔

ان کا کہناتھاکہ سانحہ اے پی ایس میں حملہ آور افغانستان سے آئے،آپ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم نے اپنے پیاروں کے جنازے اٹھائے ، گھر تباہ ہوتے دیکھے ۔

مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو ضرب عضب کا ایسے کریڈٹ دیتے ہیں جیسے یہ بندوق لے کر وہاں لڑے ہوں،آپ کا کام آپریشن کے بعد علاقے کی بحالی تھا جو آپ نے نہیں کیا۔

وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ آج آپ اداروں کو ٹارگٹ کرتےہیں ،طاہر داوڑ کی شہادت کے بعد امتیاز وزیر نے کیوں کہاکہ وہ ڈیڈ باڈی محسن داوڑ کو دے گا،یہ آپ خود بتائیں گے یا میں بتانا شروع کروں ،کس طرح آپ قومیت کا نعرہ لگاکر اپنے اداروں پر حملہ آور ہوسکتے ہیں۔