شکارپور، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، 2 پولیس آفیسر شہید

June 03, 2019

سکھر، شکار پور(بیورورپورٹ، نامہ نگار) سکھر کے قریب کچے کے علاقے شاہ بیلو میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایس ایچ او اور اے ایس آئی شہید جبکہ ایک اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے شہید پولیس افسران کی میتیں اور زخمی اہلکاروں کو سکھرکے نجی اسپتال پہنچا دیا گیا۔ سکھر اور شکارپور اضلاع کے کچے کے علاقے شاہ بیلو بچل بھیو تھانے کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کیلئے شاہ بیلو میں پہنچی تو کچے کے جنگلات میں چھپے ہوئے ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور مقابلے کے دوران تھانہ لکھی غلام شاہ کے ایس ایچ او غلام مرتضیٰ میرانی اور اے ایس آئی ذوالفقار علی پنھور موقع پر گولیاں لگنے سے شہیدہوگئے جبکہ چاراہلکار اے ایس آئی شاہ زیب، صدام دایو، غلام رسول اور صدام مارفانی زخمی ہوگئے۔ بعدازاں شہداء کی نماز جنازہ کے بعد مکمل اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوئوں نے جدید اسلحہ استعمال کیا مقابلے کے بعد پولیس کی بھاری نفری شاہ بیلو کے جنگلات میں موجود ہے اور ڈاکوئوں کی متعدد پناہ گاہوں کو نذر آتش کردیا گیا ہے، ایس ایس پی شکارپور ساجد امیر سدوزوئی اور اے ایس پی امجد ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کی سربراہی کررہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔آپریشن میں بکتر بندی گاڑیاں اے پی سی چین اور 200 سے زائد پولیس اہلکار اور کمانڈوز حصہ لے رہے ہیں، ڈاکوئوں کے ٹھکانوں کو مسمار اور نذرآتش کیا جارہا ہے۔ آپریشن کچے کے علاقوں بچل بھیو،شاہ بیلو اور دیگر میں کیا جارہا ہے پولیس اہلکاروں کو شہید اور زخمی کرنے والے ۔ڈاکو کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوئوں نے پولیس مقابے کے دوران جدید اسلحہ کا استعمال کیا۔ دوسری جانب شہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمی اہلکاروں کو سکھر کے ایک نجی اسپتال میں لایا گیا۔ ایڈیشنل آئی ڈاکٹر سکھر ڈاکٹر جمیل احمد بھی اسپتال پہنچ گئے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور انہیں بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایات دی۔شہید پولیس افسران کی نماز جنازہ انکے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی ایس ایچ او غلام مرتضی میرانی کی نماز جنازہ پولیس لائین خیرپور میں ادا کی گئی جس میں سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد، ایس ایس پی خیرپور عمر طفیل، رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل سجاد سمیت پولیس افسران و دیگر افراد نے شرکت کی جبکہ شہید ہونے والے اے ایس آئی اذولفقار پہنور کی نمازجنازہ گوٹھ محمود باغ میں ادا کردی گئی، جس میں ایس ایس پی شکارپور ساجد امیر سدوزئی اور ونگ کمانڈر رینجرز محمود اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ شہید ہونے والے دونوں افسران کو پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی دی اور شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔پولیس اور رینجرز کے افسران نے شہداء کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔شکارپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے کہا کہ ملوث ملزمان جلد ہی قانون کی گرفت میں ہونگے ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رہینگی۔