مسافروں کو لوٹنے والا آن لائن ٹیکسی سروس کا گروہ گرفتار

June 12, 2019

کراچی شرقی پولیس نے آن لائن ٹیکسی سروس کے مسافروں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث آن لائن کیب سروس کے ڈرائیور اعجاز اور اس کے تین ساتھیوں عمر، فواد اور ساجد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے جنگ کو بتایا کہ ملزم اعجاز آن لائن کیب میں سفر کرنے والے شہریوں اور خاص طور پر عورتوں کو لوٹنے میں ملوث ہے۔

ملزمان کے گروہ میں سروس کی فرنچائز کا مالک عمر بھی ملوث ہے۔اس گروپ میں شامل تقریباً تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزمان ٹیکسی سروس کی جعلی آئی ڈیز بنا کر معصوم لوگوں کا ڈیٹا کیپٹن کے ڈیٹا انٹری میں فیڈ کرتے تھے۔

ملزمان کا گروہ نیشنل ڈیٹا بیس میں بھی ردو بدل کرنے میں ملوث ہے۔ملزمان ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی ویب سائیٹ سے ڈرائیونگ لائسنس کو فوٹوشاپ کے ذریعے اسکین کرکے نادرا شناختی کارڈز میں ردو بدل کرتے تھے ۔ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان گاڑی نمبر کیپٹن کی تصویر، ٹیلیفون نمبر سب کچھ ہی تبدیل کر دیتے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق آن لائن ٹیکسی میں سفر کرنے والے شہریوں کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ آن لائن کیب سروس کا کوئی سیکورٹی ویریفکیشن ہی نہیں اور نہ ہی کوئی ڈیٹا انٹری کیا جاتا ہے نہ ہی کوئی کیپٹن کی نادرا یا پولیس ویریفکیشن کی جاتی ہے۔

آن لائن کیب میں سفر کرنے والے شہری اور خاص طور پر خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں جبکہ دراصل وہ اس میں عام کیب سے زیادہ غیرمحفوظ ہیں۔

پولیس تفتیش کے مطابق ڈرائیور اعجاز نے 3 جون کی رات لاہور سے آئی ہوئی لڑکی کو ہراساں کیا اور اس سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گیا تھا۔ملزم کو ایسٹ کی ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے برآمد کر لیا گیا ہے ملزم اعجاز سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اعجاز کا تعلق ایک کرمنل فیملی سے ہے، ملزم کے بھائی اور والد بھی ڈکیتی اور ٹارگٹ کلنگ میں مبینہ طور پرملوث رہے ہیں، اوریہ اورنگی ٹاون میں کئی تھانوں کو مطلوب ہیں۔ملزم اعجاز کا ایک بھائی مارا بھی جاچکا ہے۔

ملزمان اور آن لائن ٹیکسی سروس اوبر کی کراچی میں موجود انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے ہدایت جاری کی ہے کہ جو خواتین وحضرات آن لائن کیب میں سفر کرتے ہیں وہ کیب میں سفر کرنے سے پہلے یہ ضرور چیک کریں کہ آپ کو جو ڈیٹا ایپلیکیشن پر فراہم کیا جا رہا ہے وہ فزیکلی میچ کرتا ہے یا نہیں۔