خوشاب میں تصادم ، جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی

June 17, 2019

پنجاب کے شہر خوشاب میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی،واقعے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق خوشاب کی ٹھیٹھا برادری کے دو گروپوں میں فائرنگ کا یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جو4 افراد کی جان جانے کا سبب بن گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان درختوں کی کٹائی پر جھگڑاہوا تھا، زخمیوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس کےمطابق خوشاب کے علاقے قائد آباد کےگاؤں نمبر 5 میں درخت کی کٹائی کے تنازع پر ٹھیٹھا برادری کے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ہوئی۔

جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے، فوری طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قائد آباد اسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو خوشاب منتقل کیا گیا۔

ڈی ایچ کیو خوشاب میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے واقعے کا ایک اور زخمی چل بسا، جبکہ مزید 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں محمد رمضان، جہان خان، حبیب الرحمٰن اور رب نواز شامل ہیں۔

آر پی او سرگودھا نےواقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیاہے جبکہ ڈی پی او خوشاب سے اس واقعے کے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

پولیس دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔