فضل الرحمٰن کی بلاول، شہباز سے ملاقاتیں، APC کے بعد تحریک کافیصلہ

June 18, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ملک میں اپوزیشن کی تین بڑی اور اہم سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) کے بعد حکومت کیخلاف تحریک چلائی جائے گی ، اپوزیشن آئی ایم ایف کے بنائے اس غریب دشمن بجٹ کو منظور نہیں ہونے دے گی ۔ اس امر کا اتفاق سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمٰن سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقاتوں میں کیا گیا ۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو بجٹ واپس لینے پر مجبور کریں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا الگ الگ سیاسی نظریہ ہے تاہم حکومت کے عوام دشمن اقدامات کیخلاف مل کر جدوجہد پر اتفاق پایا جاتا ہے، پارلیمان کو مدت پوری کرنی چاہئے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جون کے آخری عشرے میں اے پی سی کا اجلاس بلایا جائے گا اور ان میں جو اُمور حکمت عملی طے ہوگی اُس پر سب عمل کرنے کے پابند ہونگے،اے پی سی کے فیصلے کے بعد میدان میں نکلیں گےبہت ہوچکا اب حکومت کو جانا ہوگا، حکومت کا خاتمہ ہی نجات کا راستہ ہے ۔ تفصیلات کےمطابق پیر کو جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقاتوں میں اور اُن کے وفود بھی موجود تھے۔