سخت تنقید سےخوفزدہ پاکستانی کرکٹرز کمروں تک محدود، بورڈ کا سرفراز پر اظہار اعتماد

June 19, 2019

مانچسٹر (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) بھارت کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچ میں شکست کے بعد ہونے والی تنقید نے پاکستانی کرکٹرز کو پریشانی میں مبتلا کردیاہے۔ کھلاڑی انجانے خوف میں مبتلا ہیں اور زیادہ تر کھلاڑی ہوٹل کے کمروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ بدھ تک پاکستانی کرکٹ ٹیم آرام کرے گی اور جمعرات سے اپنی ٹریننگ شروع کرے گی۔ پی سی بی نے سرفراز احمد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ لڑکے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سب کو کپتان کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے۔ بھارت کے میچ کے بعد کپتان نے کھلاڑیوں کو سخت لہجے میں سمجھایا تھا لیکن اس کا قطعی مطلب یہ نہیں تھا کہ ٹیم منتشر ہوچکی ہے۔ ڈانٹ ڈپٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن گروپنگ نہیں ہے۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنا چاہتی ہے اور کرے گی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل 14جولائی کو ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ ہوگی جس میں چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان شرکت کریں گے۔ دونوں بیس جولائی کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد پی سی بی انتظامیہ ٹیم کی کارکردگی اور نئی ٹیم اور نئی سلیکشن کمیٹی پر غور ہوگا ۔ پاکستان کی زیادہ تر فتوحات مسلسل تنازعات اور تنقید میں گھری ہوئی پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ریسکیو کے لئے پی سی بی میدان میں کود گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کپتان سرفراز احمد کے ساتھ کھڑے ہیں ٹیم ورلڈ کپ کے بقیہ چارمیچوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرے گی۔ کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد میں جھگڑے اور اختلافات کی خبروں اور گروپنگ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ میڈیا غیر ضروری قیاس آرائیاں کررہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ21جولائی سے قومی ٹیم کے نئے کوچز ،منیجر اور سلیکشن کمیٹی کے بارے ڈسکشن شروع کرے گا۔ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستانی کرکٹ سسٹم کی مکمل اوور ہالنگ کی ضرورت ہے۔ مکی آرتھر سے قبل پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ یہ باتیں بہت پہلے کہتا تھا ۔ پاکستانی ٹیم کی فٹنس آج بھی ٹھیک نہیں ہے۔ لیکن ٹیم کو وقت دینا ہوگا۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں گورننگ بورڈ اجلاس کی تیاریاں ہیں تاہم اجلاس کے ایجنڈے میں ورلڈ کپ کی کارکردگی کو نہیں رکھا گیا البتہ اراکین چاہیں تو ورلڈ کپ کی کارکردگی پر بات ہوسکتی ہے۔ پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد نے اعتراف کیا ہے کہ میچ کے بعد سرفراز احمد اور مکی آرتھر نے کھلاڑیوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ ابھی ہمارا ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا ہے ہمارے چانسز موجود ہیں لیکن ہم اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں چھ ماہ پہلے ہم جو کرکٹ کھیل رہے تھے اب ایسا کیا ہوگیا کہ ہم نیچے جارہے ہیں۔ رضا راشد نے کہا کہ کپتان اور کوچ نے کھلاڑیوں کو ٹیم کے حوصلے بلند کرنے اور کارکردگی میں بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔