روری سٹیوارٹ کا بورس جانسن کو وزیراعظم بننے سے روکنے کیلئے مائیکل گوو سے رابطہ

June 20, 2019

لندن ( نیوز ڈیسک ) ٹوری لیڈرشپ کے امیدوار روری سٹیوارٹ نے کہا ہے کہ وہ اپنے حریف مائیکل گوو سے بات چیت کر رہے ہیں تاکہ بورس جانسن کو 10 ڈائوننگ سٹریٹ جانے سے روکا جا سکے۔ مسٹر سٹیوارٹ کا یہ چونکا دینے والا اعلان ٹوری ایم پیز کی وزیر اعظم کی حیثیت سے تھریسا مے کے جانشین کا فیصلہ کرنے کیلئے ہوئی ووٹنگ کے دوسرے مرحلہ میں شرکت سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا۔ تاہم اس کے جواب میں گوو کیمپ نے کندھے جھٹکتے ہوئے کہا ہےکہ ہم اس دوڑ میں جیت کیلئے شریک ہوئے ہیں اور اس امیدوار کا خیرمقدم کریں گے جو مقابلے سے دست بردار ہوکر ہمیں سپورٹ کرے گا۔وزیر بین الاقوامی ترقیات نے مقابلہ میں آئوٹ سائیڈر سے بھی پیچھے رہ کر چوتھی پوزیشن ملنے پر ویسٹ منسٹر کو بھی حیران کر دیا ہے، منگل کے روز ووٹنگ میں انہیں صرف 37 ووٹ ملے، مسٹر گوو کو 41 جبکہ جریمی ہنٹ نے 46 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن لی۔تمام امیدوارسابق وزیر خارجہ سے بہت پیچھے ہیں جنہیں 126 ووٹ ملے۔ وزیر ماحولیات مسٹر گوو سے گفتگو کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مسٹرسٹیوارٹ نے بی بی سی کے وکٹوریہ ڈربی شائر شو کو بتایا کہ ہم تمام قوتوں کو یکجا کرنے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں کیونکہ یہ واضح ہے کہ بورس آخری مرحلہ میں جا رہے ہیں اور یہ سوال پوچھے جانے کے مرحلہ میں بورس جانسن بھی ہوں گے کہ سب سے بہتر کون ہے۔