پاکستان ترنوالہ نہیں جو امریکہ ہضم کرلے گا، جمعیت نظریاتی

June 24, 2019

کوئٹہ( آئی این پی ) جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبداستار چشتی نے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کو مجا ہدین نے قربانیاں دیکر استعماری قوتوں کی سازشوں سے محفوظ رکھا اور نائن الیون کاامریکی ڈرامہ اصل نشانہ پاکستان تھا ، اب افغانستان میں مجاہدین کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا وہی ڈرامہ ایران سے چھیڑچھاڑکی شکل میں دہراکر ایران بہانہ اورپاکستان کیخلاف سازشوں کانیا جال بچھایا جارہا ہے، لیکن امریکہ یادرکھے پاکستان ترنوالہ نہیں جو امریکہ ہضم کر لے گا ، امریکہ کی اسلام ومسلم کش پالیسوں کے خلاف مجاہدین اسلام کے لازوال قربانیوں کو امت مسلمہ فراموش نہیں کر سکتی ان کی لازوال قربانیوں سے امت مسلمہ آزاد ہوا میں سانس لے رہی ہے اور مجاہدین اسلام نے کفری قوتوں کے غرور اور امت مسلمہ کے خلاف عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آج امریکہ کو راہ فرار نہیں مل رہا ، انہوں کہاکہ طالبان کی پشت پر کل بھی خدائی طاقت تھی اور آج بھی ہے ، انشااللہ افغانستان پر اسلامی پرچم لہرانے سے پورے خطے پر امن آئیگا۔