’میثاق معیشت کی پیشکش پر حکومت نے مثبت جواب دیا‘

June 24, 2019

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی میثاق معیشت کی پیشکش پر حکومت نے مثبت جواب دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ میثاق معیشت سے متعلق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پیشکش پر وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایشوز پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے،امید ہے قومی ایشوز پر تمام جماعتیں ایک پیج پر آئیں گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے پیشکش کی تھی،جس کا حکومت نے مثبت جواب دیا،تمام جماعتوں سے اپیل ہے قومی مسائل پر مل بیٹھ کر بات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سب جماعتیں اکھٹی ہوں،کچھ ایشوز ایسے ہوتے ہیں جو قومی مسائل ہوتے ہیں،ان پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔