’اے پی سی 10گھنٹے جاری رہ کر ناکام ہوگئی‘

June 26, 2019

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) 10گھنٹے جاری رہ کر ناکام ہوگئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو گرانے، ڈرانے، دھمکانے والے آج کسی بیانیے پر متفق نہیں ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے اعلامیے سے جو لفظ غائب ہے وہ کرپشن کا لفظ ہے،اپوزیشن اگلے 4برس صبر کے ساتھ پرانی تنخواہ پر کام کرے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ احتساب کا شکنجہ قریب آتے دیکھ کر انتخابات کے 10ماہ بعد اپوزیشن کو انتخابی دھاندلی یاد آگئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بات صرف سلیکٹڈ پر ختم نہیں ہونی چاہیے، یہ سلسلہ الیکٹڈ،ریجکٹڈ اور پھر ڈیفیکٹڈ تک بھی جانا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ بجٹ پاس نہ ہونے کی گیدڑ بھبھکیوں کی بجائے مثبت تجاویز پیش کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ ہر صورت منظور ہوگا، اسے کوئی روک نہیں سکتا۔