اوور سیز پاکستانی بھی ٹریڈ آفیسر بن سکتے ہیں

June 28, 2019

اوور سیز پاکستانی بھی اب ٹریڈ آفیسر بن سکتے ہیں۔ یہ بات وزارت تجارت کی جانب سے شائع شدہ ایک اشتہار میں کہی گئی ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے پاکستانی اخبارات میں شائع ہونے والے ’ ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ آفیسر ‘ کی گریڈ 18 میں نئی بھرتیوں کیلئے ایک اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اس پوسٹ کے تحریری امتحان کیلئے ماسٹرز ڈگری کے حامل بیرون ملک پاکستانی بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

امیدواران کو انگریزی کے ساتھ ساتھ مقامی زبانوں عربی، فرانسیسی، اسپینش، جرمن اور روسی زبان پر بھی عبور ہونا چاہئے۔

تحریری امتحان میں آن لائن شریک ہونے کی آخری تاریخ 3 جولائی ہے۔ یہ امتحان انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے تحت لیا جائے گا۔

مزید معلومات کیلئے www.commerce.gov.pk پر وزٹ کیا جاسکتا ہے۔

اشتہار کے مطابق اس پوسٹ کیلئے اوورسیز کا 20 فیصد کوٹہ بھی رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب پاک بینو لکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقام پاکستانیوں کے نقطہ نگاہ سے یہ ایک اچھا اقدام ہے لیکن حکومت کو اس بات کا بھی جائزہ لینا چاہئے کہ بیرون ملک پہلے سے تعینات ٹریڈ آفیسرز پاکستان کی تجارت بڑھانے میں کیوں ناکام ہوئے؟ حالانکہ گذشتہ تعیناتیاں بھی اسی طرح کے خصوصی امتحان میں کامیابی کے بعد کی گئیں تھیں۔ حکومت آگے دوڑنے کی بجائے پہلے گذشتہ صورتحال کا جائزہ لے اور پھر آگے بڑھے اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی تجارتی تنظیموں کے عہدیداران سے بھی مشاورت کرے۔