ڈالر اور سونا سستا، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

July 03, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈالر اور سونا سستا، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،فی تولہ سونے کی قیمت میں 800روپے ،انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2.75روپے کی نمایاں کمی،اسٹاک مارکیٹ میں 311پوائنٹس اضافہ،34ہزار کی حد عبور،سرمایہ کاری مالیت بھی 31ارب بڑھ گئی۔ تفصیلات کےمطابق منگل کو بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ایک ڈالر کے اضافے سے بڑھ کر 1293 ڈالرہوگئی لیکن امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 800روپے کی کمی سے 78600روپے سے گھٹ کر 77800روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 686روپے کی کمی سے 67387روپے کی بجائے 66701روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت 910روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت 780.17روپے پرمستحکم رہی۔دوسری جانب قطر سے ملنے والی 50 کروڑ ڈالرز کی امداد اورسعودی عرب سے تیل کی ادھار سپلائی شروع ہونے کی خبروں کے باعث امریکی ڈالرز کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری ، انٹر بینک میں ڈالر 2.75روپے کی کمی سے 158.25روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.50روپے کی کمی سے 157.50روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کواوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں 2.50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 159.00روپے سے گھٹ کر 156.50روپے اورقیمت فروخت 160.00روپے سے گھٹ کر 157.50 روپے ہوگئی جب کہ انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت خرید 1.75روپے کی کمی سے 159.50روپے سے گھٹ کر 157.75روپے اور قیمت فروخت 2.75روپے کی کمی سے 161روپے سے گھٹ کر 158.25روپے کی سطح پر آگئی۔