قومی ٹیم کی کارکردگی نے شائقین کا جنون کم کردیا

July 05, 2019

بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی نے شائقین کے جنون میں کمی کردی ہے۔ لارڈز میں آج (جمعے) کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے لئے صبح سویرے زیادہ جوش وخروش دکھائی نہیں دیا جبکہ اس سے قبل آٹھ میچوں میں صبح 7 بجے سے ہی ہزاروں تماشائی گراونڈ کا رُخ کرتے تھے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج ہونے والا میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے لارڈز کے باہر چند سو تماشائی موجود تھے جبکہ اسٹیڈیم کے اندر تمام انکلوژرز خالی تھے۔ میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور امکان ہے کہ میچ سے قبل تماشائی اسٹیڈیم آنا شروع ہوجائیں گے۔

پاکستان کے لئے سیمی فائنل کھیلنا ناممکن ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

لندن میں صبح سے تیز دھوپ نکلی ہوئی ہے اور موسم گرم ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس عالمی کپ میں لارڈز کے میدان میں جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں حقیقت پسند ہونا پڑے گا کیونکہ بنگلہ دیش سے تین سو سے زائد رنز کے فرق سے جیتنے کے لیے چار سو یا پانچ سو رنز بنانے ہوں گے۔ ٹیم کوشش ضرور کرے گی کہ پانچ سو رنز بنائے جائیں لیکن اس حقیقت کو بھی پیش نظر رکھا جائے کہ ٹورنامنٹ میں عام اسکور تین سو رنز رہا ہے۔

سرفراز احمد اعتراف کرتے ہیں کہ اس ورلڈ کپ میں دوسری ٹیموں کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے سنچریاں اسکور کیں لیکن پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹسمین بڑا اسکور نہ کرسکے۔

اپنی کپتانی کے مستقبل کے بارے میں سرفراز احمد کہتے ہیں کہ جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے جہاں تک خواہش کی بات ہے تو وہ دل میں ہے اور دل میں ہی رہے گی۔