ہر کاروبارکیلئے رجسٹریشن ضروری ہوگی، ٹیکس کی شرح کے تعین میں عوام کی مشکلات سامنے رکھی جائیں، گھر بنانے کیلئے آسان قرضے ملیں گے، آرڈیننس آج منظور ہوگا، عمران خان

July 16, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی آمدن کا تقریباً نصف حصہ قرضوں اور سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے‘ہر طرح کے کاروبار کا باقاعدہ اندراج(رجسٹریشن) اور ٹیکس نیٹ کی توسیع اقتصادی ترقی کے لئے ازحد ضروری ہے تاہم انضمام شدہ علاقوں میں ٹیکس کی شرح کے تعین میں علاقے کے عوام کی مشکلات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے گا‘ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ معاشی سرگرمیوں کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے اورٹیکس کے دائرہ کو بڑھا یا جائے‘کم آمدنی والے طبقات کو گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضے ملیں گے ‘ اس بارے میں نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ آج (منگل کو) منظوری دے گی‘ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لئے ہاؤسنگ اسکیمیں بنتی تھیں‘پہلی مرتبہ حکومت کم آمدنی والے طبقات کے لئے ہاؤسنگ اسکیم شروع کر رہی ہے، اندرون و بیرون ملک سے سرمایہ کاری کرنے والوں کو دعوت دے رہے ہیں‘چھوٹی کمپنیاں بنا کر کاروبار شروع کرنے والوں کی معاونت اور حوصلہ افزائی کی جائے گی‘ ملک میں ایک کروڑنئے گھروں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو انضمام شدہ علاقوں (سابقہ فاٹا) میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت اورنیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناءعمران خان کی زیر صدارت ہوابازی ڈویژن سے متعلقہ امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہو ا‘اجلاس میں ہوابازی ڈویژن سے متعلقہ امور خصوصا ہوائی اڈوں کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانےکے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انضمام شدہ علاقوں (سابقہ فاٹا) میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ قومی آمدن کا تقریباً نصف حصہ قرضوں اور سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے، معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ معاشی سرگرمیوں کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے اور ٹیکس کے دائرہ کو بڑھا یا جائے تاہم انضمام شدہ علاقوں میں ٹیکس کی شرح کے تعین میں علاقے کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھا جائے گا‘اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہر طرح کے کاروبار کا باقاعدہ اندراج اور ٹیکس نیٹ کی توسیع اقتصادی ترقی کے لئے ازحد ضروری ہے۔ علاوہ ازیں نیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اندرون و بیرون ملک سے سرمایہ کاری کرنے والوں کو دعوت دے رہے ہیں، اس سلسلے میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، چھوٹی کمپنیاں بنا کر کاروبار شروع کرنے والوں کی معاونت اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔