مہنگائی نے اپوزیشن اور عوام کو متحد کردیا،زاہد مغل

July 17, 2019

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے بجٹ نے جو مہنگائی کے بم گرائے ہیں اس سے غریب عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں عام آدمی کے اندر بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف تاجر برادری کی مکمل کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی اپو زیشن کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام مہنگائی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو گئے ہیں،عوام کا یہ اتحاد ثابت کرتا ہے کہ نظریاتی اور سیاسی اختلافات کے باوجود بے روزگاری کی وجہ سے جنم لینے والی بھوک، افلاس اور پس ماندگی ان کا مشترکہ مسئلہ ہے ،سیاسی جماعتوں اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا سہرا پاکستان پیپلزپارٹی کے نوجوان اور سیاسی طور پر زیرک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جا تا ہے جو معا ملات کو سیاسی اور عوامی انداز میں لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس معاملے میں وہ مریم نواز سے بہت آگے اور بہترین قیادت کے طور پر سامنے آئے ہیں، موجودہ حکومت کی جانب سے بد ترین سیاسی انتقام کا سیاست کے میدان میں مقابلہ اور سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر بننے والے مقدمات اور گرفتاریوں کو قانونی اور آئینی طریقے سے حل کرنے پر مرکوز کیا جبکہ عوامی اجتماعات کو رابطہ مہم اور مہنگائی کے خلاف اکٹھا کیا،جب کہ دوسری طرف مریم نواز ہیں جن کی ہر پریس کانفرس اور جلسے کا آغاز اور اختتام صرف اس جملے کے گرد گھو متا ہے کے میاں نواز شریف کو حکومت سے کیوں نکا لا جبکہ عوام کو درپیش مسائل ان کے حل کے لیے ان کے پاس کوئی واضح پروگرام نہیں ہے ۔