ای پٹیشن پر قانون سازی کیلئے ’’ڈبلیو ایم ایف‘‘ کی ایم پیز کیساتھ لابنگ

July 19, 2019

برمنگھم (نمائندہ جنگ) ورلڈ مسلم فیڈریشن برطانیہ نے نبی کریمﷺ سمیت تمام مقدس ہستیوں اور مختلف مذاہب کے احترام کے لیے برطانوی پارلیمنٹ سے باقاعدہ قانون سازی کرانے کے لیے ممبران پارلیمنٹ سے لابنگ شروع کردی ہے۔ رواں ماہ4جولائی کو پارلیمنٹ میں اس بارے میں بحث اور ممکنہ قانون سازی کے لیے ایک لاکھ برطانوی شہریوں کی حمایت و تائید کا ٹارگٹ دیا گیا۔ ورلڈ مسلم فیڈریشن برطانیہ کے ڈائریکٹر و جانشین امیر ملت صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی اور ترجمان فیڈریشن علامہ سید ظفر اللہ شاہ کی محنت اور حکمت عملی سے محض6دنوں میں ایک لاکھ پندرہ ہزار افراد نے دستخط کرکے قبل از وقت اس پٹیشن کو بحث کے لیے منظور کروادیا۔ اس پر حکومت نے جواب بھی دے دیا ہے، حکومت کے جواب کے مطابق سن2021ء سے قبل اس پر قانون سازی کا مرحلہ مکمل ہوسکتا ہے۔ اگر ممبران پارلیمنٹ اس قانون کے حق میں ووٹ کریں، اس سلسلے میں ممبران پارلیمنٹ کی ہمایت و تائید کے لیے وسیع پیمانے پر لابنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سے اس مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ ورلڈ مسلم فیڈریشن کے ڈائریکٹر و جانشین امیر ملت و علی پور سیداں صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی اور فیڈریشن کے ترجمان علامہ سید ظفراللہ شاہ نے پارلیمنٹ کے ممبران سے خصوصی میٹنگ کی اور انہیں آمادہ کیا کہ برطانیہ کے وسیع تر مفاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے قیام کے لیے اس قانون سازی کی حمایت کی جائے۔ صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ اور دیگر شرکا نے ممبران پارلیمنٹ کو بتایا کہ تحفظ مذاہب و ناموس انبیا کرام کسی کمیونٹی یا خاص طبقے کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اس سے حقیقی معنوں میں بڑھتی انتہا پسندی، دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔ اس لیے تمام ممبران پارلیمنٹ ہمارا ساتھ دیں اور اس قانون سازی کو یقینی بناکر برطانوی معاشرے میں قیام امن اور مختلف مذاہب کے درمیان دوستانہ مراسم ہیں، اس موقع پر لیبر پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ نے یقین دلایا کہ وہ اس قانون کی منظوری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔