احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کے سربراہ مقرر

July 24, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔ چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر نے تقرری گذشتہ ہفتے سالانہ کانفرنس کے دوران کی۔احسانی مانی 1996میں فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کے پہلے چیئرمین بنے تھے۔ انہوں نے سال 2000 میں آئی سی سی کا پہلا کمرشل معاہدہ کروایا جس کی مالیت 550 ملین ڈالرز تھی۔ احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں اندرا نوئی بطور آزاد ڈائریکٹر شرکت کریں گی جبکہ امیتابھ چوہدری (بی سی سی آئی)، کرس نینزنی (کرکٹ سائوتھ افریقا) عمران خواجہ (نائب چیئرمین آئی سی سی)، ایرل ایڈنگز ( کرکٹ آسٹریلیا) اور کولن گریوز (انگلینڈ کرکٹ بورڈ) بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ ششانک منوہر اور مانو سواہنے (چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی سی سی) بطور سابق عہدیدار کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔