اسنوکر: احسن رمضان نے نمبر ایک سیڈ محمد بلال کو شکست دیکر بڑا اپ سیٹ کردیا

July 29, 2019

احسن رمضان نے موجودہ ورلڈ ٹیم کپ چیمپئن اور پاکستان نمبر ایک محمد بلال کو شکست دیکر نیشنل بینک رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔

چیمپئن شپ کے دوسرے روز ٹاپ کھلاڑیوں کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جن میں دفاعی چیمپئن اور نمبر چھ سیڈ محمد اعجاز، نمبر چار علی حیدر، نمبر پانچ بابر مسیح، نمبر سات سیڈ سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور نمبر آٹھ سیڈ آغا بلاول بھی شامل تھے۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز احسن رمضان نے نمبر ایک کھلاڑی محمد بلاول کو 4-1 کی شکست دی۔

دیگر میچوں میں شیخ محمد مدثر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر چھ سیڈ محمد اعجاز کو 4-3 سے شکست دی۔

سابق قومی چیمپئن محمد سجاد نے نمبر چار سیڈ علی حیدر کو با آسانی 4-1، سہیل شہزاد نے حمزہ الیاس کو 4-0، محمد شہباز نے شاہد آفتاب کو 4-2، عامر طارق نے آغا بلاول کو 4-2 ، راشد عزیز نے بابر مسیح کو 4-2، حارث طاہر نے محمد عمران قمر کو 4-1، محمد نسیم اختر او ر شرجیل محمود کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جس میں نسیم اختر نے 4-3، مبشر رضا نے محمد آصف کو 4-2، عبدالستار نے آغا بلاول کو 4-3، عمران شہزاد نے محمد مدثر کو 4-1 شکست دی۔