اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، سفیر پاکستان، امتیاز احمد کمیونٹی میٹنگ سے خطاب

August 11, 2019

سفارتخانے پاکستان جاپان میں کمیونٹی کا سفیر پاکستان کے ساتھ گروپ

جاپان میں تعینات سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہی ہدایات ہمیں پاکستان سے ملی ہیں کہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے، سفیر پاکستان اپنی تعیناتی کے بعد کمیونٹی سے پہلی ملاقات کے موقعے پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ یہ کمیونٹی میٹنگ سفارتخانہ پاکستان میں منعقد کی گئی تھی ، سفارتخانے میں جمع ہونے والے پاکستانیوں میں سیاسی ، سماجی ، ادبی اور کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والے معروف پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ جاپان میں مقیم ہر پاکستانی جاپان میں پاکستان کا سفیر ہے جس نے اپنے طرز عمل ، اپنے اخلاق ، اپنے کاروبار اور رہن سہن سے پاکستان کو جاپان میں متعارف کرانا ہے ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ان کے دروازے ہر وقت ہر پاکستانی کے لیے کھلے ہیں ،کوئی بھی پاکستانی اپنے حقیقی مسائل کے حل کے لیے ان سے اور سفارتخانے کے ہر افسر سے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتا ہے ۔

جاپان میں پاکستانی سفیر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے

ہماری کوشش ہوگی کہ جو بھی اخلاقی اور قانونی مدد ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کو فراہم کرسکتے ہیں وہ کی جائے ۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی سے کہا کہ وہ جاپان میں اتحاد اور یگانگت سے رہتے ہوئے پاکستان کی خدمت کریں ۔ سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہاکہ جاپان میں مقیم پاکستانی زیادہ سے زیادہ تعداد میں بینکنگ چینل کے ذریعے اپنی رقم پاکستان روانہ کریں تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکیں ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ عنقریب فرینڈز آف پاکستان کے زیر اہتمام ٹوکیو کے وینو پارک میں پاکستان بازار کے نام سے جو سالانہ تقریب ہو رہی ہے اس سے پاکستان کو جاپانی عوام میں متعارف کرانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے منتظمین قابل تعریف ہیں۔ سفارتخانہ ان کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔