کراچی میں 15 اگست کی رات پھر بارش کا امکان

August 13, 2019

کراچی میں 15 اگست کی رات اور 16 اگست کو پھر بارش کا امکان ہے، محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعے کو معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر کراچی میں بارش کے ساتھ شروع ہونے والا بجلی کا بحران بدستور جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقے 3 دن سے بجلی سے محروم ہیں۔

وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ محکمۂ موسمیات نے کوئٹہ سمیت صوبے کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

وادی کوئٹہ اور گردو نواح میں گزشتہ دو روز سے بارش اور موسم کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

عید سے قبل ہونے والی بارش کے بعد پھوار پڑنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل، دکی، قلعہ سیف اللّٰہ، بارکھان، مستونگ، سبی، ہرنائی، زیارت، ڈیرہ بگٹی، گوادر، خضدار، قلات، آواران، جعفر آباد اور بولان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران چند مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے جس سے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔