یوم ِ سیاہ : سوشل میڈیا بھی سیاہ ہوگیا

August 15, 2019

مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔ بھارت کے یوم آزادی کے روز یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


اس حوالے سے ٹوئٹر پر کئی ہیش ٹیگز بھی ہیں جو ٹاپ ٹرینڈ میں موجود ہیں، ان میں 15AugustBlackDay# اور BlackDay15thAugust# #KashmirBaneyGaPakistan شامل ہیں۔

ان ہیش ٹیگز کا استعمال کر کے متعدد صارفین کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی تصاویر سیاہ کررہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے سرکاری اور ذاتی ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکائونٹس کی ڈی پیز کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر رات 12بجے سیاہ کر دیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کی دیکھا دیکھی تمام پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی اکاونٹ ڈی پیز کا رنگ سیاہ کر رہے ہیں ناصرف پاکستانی، بلکہ دنیا بھر میں آباد کشمیری بھی بڑھ چڑھ کر اس مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئےجہاں بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین اپنی ڈی پیز سیاہ کر رہے ہیں وہیں وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی ڈی پیز کو بھی سیاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کے حکم پر رواں برس یوم آزادی پاکستان یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا۔

حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ’لوگو’ بھی جاری کیا تھا۔

جس میں ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کا نعرہ درج تھا۔