بھارتی یوم آزادی پر پاکستان اور آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے، یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

August 16, 2019

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طو رپر منایا گیا‘ ریلیاں نکالی گئیں۔ احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور بھارتی پرچم و نریندر مودی کی تصاویر نذر آتش کی گئیں تفصیلات کے مطابق 15اگست بھارت کے یوم آزادی کو ملک کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ریلیاں نکالی گئیں۔ اس دوران مشتعل افراد نے کشمیر پر مظالم کے خلاف بھارتی پرچم اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر والے بینرکو آگ لگادی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے بھارتی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے بھارتی پرچم کو آگ لگادی اور مودی مردہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور آئے دن کشمیری بھائیوں کے ساتھ ظلم کررہا ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری اپنی خاموشی ترک کرکے کشمیر میں جاری بھارتی افواج کی بربریت کا سختی سے نوٹس لے اور بھارتی حکومت کو کشمیر میں ہونے والے مظالم روکنے کے احکامات جاری کرے جبکہ پی پی کارکنان نے نائیک بروہی اور دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی۔نوازلیگ کے کارکنان نے بھی یوم سیاہ کے موقع پر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت خالد عزیز آارئیں، روشن علی بلوچ اور دیگر نے کی۔ سنی تحریک کے کارکنان نے بھارتی حکومت کے خلاف اور کشمیر سے اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔دریں اثنا جمعیت علمائےاسلام (س) ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی نے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کی تکمیل نامکمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز الجمعیت لیاقت کالونی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پر قبضہ کر رکھا ہے جب تک پاکستان اپنی شہ رگ کو بھارت کے تسلط سے آزاد نہیں کرائے گا اس وقت تک پاکستان کی تکمیل کا خواب پورا نہیں ہوگا۔