قانون دان اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے گھنٹہ گھر چوک پردھرنا

August 17, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) قانون دان اور سابق نائب صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان یافت نوید ہاشمی اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی دھرنا دیا گیا ، احتجاجی دھرنے میں خواتین، بچوں اور مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، محمد قاسم شمسی، علامہ اقتدار حسین نقوی،علامہ قاضی نادر حسین علوی،علامہ کاشف ظہور نقوی اور قارب نوید ہاشمی نے کی، دھرنے کے شرکاءنے ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی ، شرکاءنے چوک گھنٹہ میں نماز مغرب ادا کی، اس موقع پر ٹریفک کیلئے راستہ کھلا رہا اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی، ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں پاکستان میں عالمی آقاؤں کے اشاروں پر تختہ مشق بنایا جا رہا ہے، اس ملک اور قوم کا مجرم یافث نوید ہاشمی نہیں بلکہ وہ ہیں جنہوں نے اسے جبری گمشدہ کیا ، ملک کے آئین اور قانون کو توڑا ہے ،ہم یافث نوید ہاشمی کو کسی مسلک کا ایشو نہیں بننے دیں گے ، ہم خاموش بیٹھنے والے نہیں ، جب تک یافث نوید ہاشمی کی رہائی نہیں ہوتی، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، محمد قاسم شمسی کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک طرف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے دوسری جانب پاکستان میں کشمیر بنا یا جارہا ہے، لوگوں کو جبری گمشدہ کیا جارہا ہے، اگلے جمعہ تک جبری گمشدگان کو بازیاب نہ کرایا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ارکان اسمبلی، وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤسز کا گھیراؤ کریں گے،دھرنے میں قمر عباس زیدی، طاہر عباس نقوی، شعیب نقوی،سہیل عابدی،سلیم عباس صدیقی ، مرزا وجاہت علی، عاطف حسین، مہر سخاوت علی، جواد رضاجعفری،ڈاکٹر موسیٰ کاظم، ڈاکٹر عاصم حسین، صفدر حسین بخاری اوردیگر بھی موجود تھے۔