اوورسیز کمیونٹی کے کشمیریوں کے حق میں مظاہرے نے تاریخ رقم کردی، چوہدری عظیم

August 19, 2019

برمنگھم (ابرار مغل) کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری محمد عظیم اور سیکرٹری جنرل راجہ امجد خان نے کہا ہے کہ برطانوی اوورسیز کمیونٹی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے سب سے بڑا مظاہرہ کرکے تاریخ رقم کی ہے، کشمیر رابطہ کمیٹی سمیت تمام سیاسی و سماجی تنظیموں و جماعتوں نے بھرپور شرکت کرکے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری محمد عظیم کا کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ دو ہفتوں سے مقبوٖضہ کشمیر میں کرفیو لگاکر کشمیریوں کا جینا حرام کردیا ہے۔ آرٹیکل370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کا قتل عام شروع ہے۔ سیاسی قیادت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں بنیادی انسانی حقوق سلب کرلیے گئے ہیں۔ راجہ امجد خان نے کہا کہ لندن اور برمنگھم میں ہونے والے مختلف مظاہروں میں ہزاروں افراد کی شرکت نے بھارتی ایوان ہلاکر رکھ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔