ابھی مسئلہ کشمیر پر اپنی رائے نہیں دے سکتی، سونم کپور

August 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

بھارتی اداکارہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ میں ایک محبِ وطن ہوں اس لیے ابھی مسئلہ کشمیر پر اپنی رائے کا اظہار نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان سمیت کئی بھارتی شخصیات کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اظہارِ خیال کیا گیا ہے، ان میں سے کچھ نے مودی سرکار کے اس اقدام کو سراہا ہے جن میں انوپم کھیر اور پریانکا چوپڑا شامل ہیں جبکہ اداکارہ دیا مرزا، زائرہ وسیم، ہما قریشی اور ثاقب سلیم نے اس اقدام کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔

ان فنکاروں کی طرح اب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور بھی مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بول پڑیں ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے سونم کپور نے کہا کہ میں ایک محبِ وطن ہوں، اس لیے مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کر سکتی۔

سونم کپور نے کہا کہ مجھے ابھی مسئلہ کشمیر کے بارے میں درست معلومات نہیں ہے، اس لیے میرا اس مسئلے پر خاموش رہنا ہی بہتر ہے۔

ادکارہ نے کہا کہ مجھے جب درست معلومات موصول ہوجائیں گی اور پوری طرح سے اس مسئلے کو سمجھ جاؤں گی تو اُس کے بعد ہی میں اس پر اپنی رائے کا اظہارِ کروں گی، اس سے پہلے اپنی رائے دینے سے گریز کروں گی۔ اداکارہ نے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے متعلق جو خبریں میڈیا پر آرہی ہیں، اُن کو سُن کر دُکھ ہو رہا ہے۔

سونم کپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک بہت ہی حسین اور قُدرتی مناظر سے بھرپور دلکش وادی ہے، وہاں خون ریزی کے بجائے امن ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اُن کے والدین نے کشمیر کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے میرا نام ’سونم‘ رکھا۔

سونم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرے بے شمار مداح ہیں اور میرے دو بہترین دوست بھی مسلمان ہیں اور ان کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اپنے خاندان کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نےکہا کہ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان کے صوبے سندھ اور خیبر پختون خوا سے ہے، اس لیے میں سندھی بھی ہوں اور پشاوری بھی۔