کشمیر تنازع: ٹرمپ اور عمران خان کا پھر رابطہ

August 20, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے بات چیت کی ہے، اس سے پہلے صدر ٹرمپ کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی بات چیت ہوئی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ایک بیان میںوزیر خارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مودی سے بات چیت سے پہلے بھی 16 اگست کو عمران خان کی ٹرمپ سے فون پر بات ہوئی تھی، اس گفتگو میں صدر ٹرمپ نے عمران خان سے کہا تھا کہ وہ مودی سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج امریکی صدر نے نریندر مودی سے بات کی، ٹرمپ نے مودی سے کہا کہ خطے کا امن برقرار رہنا چاہیے اور انہوں نے عمران خان کو اس سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مودی کے اقدام کی وجہ سے خطے کو لاحق صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ مودی سرکار کے 5اگست کے یک طرفہ اقدام سے خطے کے امن و امان کو خطرات نے دوچار کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان نے ٹرمپ کو بتایا کہ مودی کے اقدامات کے پیچھے مسلم اکثریت کے علاقے کو اقلیت میںبدلنے کی سوچ کارفرما تھی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 15 دن سے کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے شدید انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے اس بحران کا حل نکالنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے امریکی صدر کو بتایا کہ ہندوستان کے یہ یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کرتے ہیں۔